کوششوں اور حکومتی عزم سے کراچی میں امن قائم ہوا، وزیراعلیٰ سندھ

201

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں سیکورٹی اداروں کی مسلسل کاوشوں، عوام کے تعاون اور حکومت کے سیاسی عزم کی بدولت امن بحال ہوا ہے، اس بات پر اطمینان ہوا ہے کہ اس شہر پر زائرین، مہمانوں، سرمایہ کاروں، مذہبی اسکالرز اور روحانی رہنماؤں نے توجہ مرکوز کرنا شروع کی ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو طاہری مسجد صدر میں سیدنا مفضل سیف الدین کی مجلس سننے اور ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے داؤدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کو دعوت دی تھی کہ وہ شہر میں محرم الحرام گزاریں اور مجالس سے خطاب کریں، انہوں نے مہربانی کرتے ہوئے میری درخواست قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین 21 سال بعد مجالس سے خطاب کرنے ہندوستان سے آئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ طاہری مسجد پہنچے جہاں انہوں نے سیدنا مفضل سیف الدین کا مجلس سے خطاب سنا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ وزیر بلدیات جام خان شورو بھی تھے۔ سیدنا مفضل سیف الدین نے اپنے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک شال، تسبیح اور جائے نماز کے تحائف دیے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے بوہرہ جماعت کے اراکین کے KPI گراؤنڈ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، کمشنر کراچی اعجاز علی خان کو ہدایت جاری کی کہ بوہرہ جماعت کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ان کی مجالس و دیگر پروگراموں کے لیے تمام تر ضروری سیکورٹی اور انہیں جس قسم کا بھی تعاون درکار ہو فراہم کریں۔