تیسرا ون ڈے بھارت نے اسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی 

157

اندور (جسارت نیوز) بھارت نے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 5وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0سے برتری حاصل کرلی، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا، بھارت کے پانڈے نے بیٹنگ اور بولنگ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرلیا، بھارت کے شہر اندور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈیوڈوارنر نے 4چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 42رنز بنائے، پہلی وکٹ 70رنز پر گری جو پانڈے کے نام رہی، سب سے کامیاب بلے باز ایرون فیچ رہے جنہوں نے چاروں طرف شاٹ کھیلتے ہوئے ایک درجن چوکے لگائے اور 5مرتبہ گیند کو میدان سے باہر پھینک دیا تاہم ان کی سنچری اور اننگز جو 124رنز پر محیط رہی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی، انہیں یادیو کی گیند پر کلدیپ نے کیچ کیا۔اس موقع پر آسٹریلیا کا اسکور224رنز تھا اور پارٹنرشپ میں 154رنز بنے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان اسمتھ تھے جنہوں نے 63رنز اسکور کیے جس میں 5چوکے شامل تھے ان کی اننگ کا خاتمہ یادیو نے کیا جن کی گیند پر برما نے کیچ لیا۔اس طر ح وہ دوسرے کامیاب بلے باز رہے۔ نمایاں اسکور کرنے میں ایم پی اسٹونیش بھی کامیاب رہے اور انہوں نے27رنز اسکور کیے اور مقررہ 50اوورز کے اختتام تک کریز پر کھڑے رہے۔ دیگر بلے باز میکس ویل 5 رنز، ترویز ہیڈ4 رنز پیٹر ہینڈزکامبس 3رنز رہے جبکہ ایستون آگر 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس طرح آسٹریلیا 6 وکٹوں کے نقصان پر 293رنز بناسکی۔ بھارت کی طرف سے جسپریت برما 52رنز دیکر 2 وکٹوں اور کلدیپ یادیو 75رنز دے کر 2وکٹیں لے کر کامیاب رہے۔ چاہل اور پانڈے کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ جواب میں بھارت نے مزکورہ اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا جبکہ 2اوورز اور ایک گیند ابھی باقی تھی۔ بھارت کی جانب سے سریش راہنا ، روہت شرما اورہادیک پانڈے کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے بالترتیب 70، 71اور 78رنز اسکور کیے۔ دوسرے بلے باز ویرات کوہلی 28رنز اور کیدر جادیوا 2رنز بنا کر چلتے بنے،منیش پانڈے36رنز اور ایم ایس دھونی 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو جتوا کر میدان سے باہر آئے، آسٹریلیا کے پیٹ کمس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 54رنز دے کر 2کھلاڑیوں کووکٹ بدر کیا۔ کارنیل، آر ڈبلیو رچرڈسن اور آستن آگر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ ہاردیک پانڈے کو دیا گیا۔