افغانستان انڈر19نے بنگلادیش کو شکست دیکر ون ڈے سیریز جیت لی

184

ڈھاکا(جسارت نیوز) افغانستان انڈر 19 نے بنگلا دیش انڈر 19 کو پانچویں اور آخری ون ڈے میں 33 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-1 سے جیت لی۔ درویش رسولی نے 8 چھکوں کی مدد سے 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ڈھاکا میں کھیلے گئے آخری ایک روزہ میچ میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے، ابراہیم زدران 83 رنز بنا کر نمایاں رہے، درویش رسولی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بولرز کی خوب دھنائی کی اور 8 چھکوں کی مدد سے 75 رنز کی غیرمعمولی اننگز کھیلی، نعیم حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں بنگلا دیش انڈر 19 ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 206 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، توحید ہری ڈوئے کی 93 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، وفادار نے 4 اور قیاس احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔