سیمونا ہالپ چائنا اوپن کے فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی پہلی بار دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بن گئیں

191

بیجنگ (جسارت نیوز) اسٹار رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بن گئیں، ہالپ نے پہلی بار یہ اعزاز پایا ہے، رومانوی کھلاڑی کو فیصلہ کن معرکے میں آج کیرولین گارشیا کا چیلنج درپیش ہو گا۔ چین میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سیمونا ہالپ نے لٹوین کھلاڑی جلینا اوسٹا پینکو کو 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی ہالپ نے پہلی بار دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا، وہ کل ڈبلیو ٹی اے کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں اسپین کی گربین مگوروزا کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیں گی۔ دوسرے سیمی فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی کیرولین گارشیا نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا کو 6-3 اور 7-5 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، گارشیا کے پاس چائنا اوپن کا ٹائٹل جیت کر سیزن کے اختتامی ٹینس ٹورنامنٹ ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں جگہ بنانے کا بھی سنہری موقع ہے۔