آسٹریا کے سرمایہ کار پاکستان میں مواقع تلاش کریں۔ احمد حسن مغل

421

اسلام آباد : آسٹریا کی کمپنی ڈوکا کے پراجیکٹ منیجر مارٹن ہارریزبرگر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے۔ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور صادق مغل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مارٹن ہارریزبرگرنے کہا کہ ان کی کمپنی دنیا کے 70 سے ممالک میں کام کررہی ہے اور بڑی تعمیراتی کمپنیوں کو اکیوپمنٹ اور تکنیکی سپورٹ فراہم کرنے کی عمدہ مہارت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی رہائشی و کمرشل بلند عمارات، پلوں، پاور پلانٹس اور ٹنل سمیت بڑے تعمیراتی منصوبوں کیلئے formwork solutionsفراہم کرتی ہے اور اب وہ پاکستان میں بھی ان منصوبوں میں اپنی خدمات فراہم کرنا چاہتی ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے آسٹریا کی کمپنی ڈوکا کے پراجیکٹ منیجر مارٹن ہارریزبرگر کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات، انرجی اور انفراسٹریچکر کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت ملک میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے اور آسٹریا کی کمپنی ڈوکا کیلئے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے تا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ میں اپنی خدمات فراہم کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریا یورپی یونین کا ایک اہم رکن ملک ہے اور پاکستان اس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے تا کہ معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کئے جائیں۔
اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آسٹریا باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے پر توجہ دیں تا کہ نجی شعبے آپس میں براہ راست ملاقات کر کے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کر سکیں