مظفرآباد(صباح نیوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہہندوستان کے پرامن طریقے سے مسئلہ کشمیر حل کرنے سے انکار پر نوجوان مایوس ہو کر تحریک مزاحمت میں شامل ہورہے ہیں اس میں تمام طبقات پی ایچ ڈی اسکالرز،پروفیسرز،اساتذہ عسکری تحریک کا حصہ بن رہے ہیں ، بھارت نے تحریک آزادی کشمیر کچلنے کے لیے مظالم کے تمام سامراجی ریکارڈ توڑ دیے ، بھارت مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہیں چاہتا وہ حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے ،کشمیری طلبہ اور طالبات کا ہندوستان کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنا ناممکن ہو چکا ہے اسلامی ممالک کشمیری طلبہ و طالبات کو داخلے کے لیے اپنی جامعات کے دروازے کھولے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم تاسیس کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں سیمینار سے خطاب اور نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی آپریشن کے نام پر ریاست کے مسلم تشخص کوختم کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہی ہے ،طاقت کے استعما ل کے باوجود ڈھونگ انتخابات ناکام ہو گئے عوام نے بائیکاٹ کیا 2فیصد ٹرن آوٹ کا بھی نہ ہونا بھارت کے خلاف ریفرنڈ م ہے ،،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بی جے پی آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل کررہی ہے 35Aختم کر کے مقبوضہ کشمیر میں ہندو بستیاں بسانے کی سازش کررہی ہے قائدین حریت کی کردار کشی کی جارہی ہے تا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا اعتماد اپنے قائدین سے اٹھ جائے ،