مقبوضہ کشمیر :مزید 3نوجوان شہید ، رواں ہفتے شہدا ء کی تعداد 9 ہو گئی 

83

سری نگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں بدھ کوضلع بارہمولہ کے علاقے بینر میں مزید3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، ان شہادتوں کے بعد رواں ہفتے پیر سے بدھ تک علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 9 ہوگئی ہے۔ قابض فوج نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بینر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے پیر کے روز ضلع بڈگام میں3 جبکہ منگل کو شوپیاں میں 3 نوجوان محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیے تھے، پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں گزشتہ 2 روز کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے 6نوجوانوں کی نماز جنازہ میں بدھ کو ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کے آبائی علاقوں لاسی پورہ اور نوپورہ میں لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث نوجوانواں کی نماز جنازہ 30مرتبہ ادا کی گئی۔ شہیدنوجوانوں کوانکے آبائی قبرستانوں میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔