وفاق آزاد حکومت سے نیلم جہلم ہائیڈرل منصوبوں کے حوالے سے معاہدہ کرے

40

مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرل منصوبوں کے حوالے سے وفاق آزاد حکومت سے معاہدہ کرے،منصوبوں کے متاثرین کے تحفظات دور کیے جائیں ،منصوبوں کی وجہ سے مظفرآباد شہر میں پانی اور ماحولیات پرپڑنے والے اثرات کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں،کوہالہ منصوبے کو ٹنل کے بجائے دریا کی روانی پر تیار کیا جائے ،آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے،متاثرین زلزلہ کے فنڈز واپس کیے جائیں،بیس کیمپ کی حکومت نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کا اہتمام کرے،پسماندہ علاقوں میں تعمیر وترقی کے عمل کو تیز کرے آزاد خطے کی مین شاہراؤں کو این ایچ اے کے حوالے کیا جائے تا کہ وہ ان کو مینٹین رکھے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کے اندر وسائل موجود ہیں ان کو درست سمت دینے کی ضرورت ہے قیمتی پتھر ، جنگلات ،پانی ،زراعت اور نوجوانوں کی شکل میں انسانی وسائل کے ہوتے ہوئے یہ خطہ پسماندہ رہے تو اس کا مطلب قیادت نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کے اندر وسائل کو درست انداز سے صرف کیا جائے تو یہ خطہ ماڈل ریاست بن سکتا ہے اور یورپ سے زیادہ ترقی یافتہ ریاست بن سکتی ہے اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کے عوام اور حکمرانوں کی دہری ذمے داری ہے ایک یہاں کے نظام میں اصلاح احوال کا اہتمام کرنا اور دوسرا بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کا حقیقی کردار ادا کرنا،ان دونوں محاذوں پر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے لیے مصروف جہد ہے آزادکشمیر میں اپنے محدود وسائل کے باوجود خدمت،تعلیم ،صحت میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں ہماری کوشش ہے کہ میرٹ پر غریب کو روزگار ملے ، تھانے اور کچہریوں میں لوگوں کو انصاف ملے ،رشوت اور سفارش کا کلچر ختم ہو اخوت ،محبت ،بھائی چارے کی فضا قائم ہو۔