مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کیخلاف آزادکشمیر میں احتجاجی مظاہرے

141

مظفرآباد،راولاکوٹ،باغ،میرپور،بھمبر،اسلام آباد( صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی کال پر پورے آزادکشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے۔راولاکوٹ میں مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان نے کی جب کہ اسلام آباد میں سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان ،نائب امیر جماعت اسلامی نورالباری ،حریت کانفرنس کے سینئر رہنما
غلام محمد صفی،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد محمد یاسین نے پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اورمظفرآباد میں نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن،ارشد بخاری ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد، میرپور امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور بشیر احمد شگو،ڈاکٹر ریاض و دیگر نے قیادت کی۔ مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ راولاکوٹ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائدین کی گرفتاریوں کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں،بھارت اگر ان ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا تو پوری ملت اسلامیہ جموں وکشمیر اٹھ کھڑی ہو گی، بیس کیمپ کے غیور عوام جو مجاہد اور غازیوں کی اولادہیں اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد کے لیے اٹھ کھڑے ہوں گے اور منحوس سیز فائر لائن کو اپنے پاؤں تلے روند ڈالیں گے اور حالات کی تمام تر ذمے داری بھارت اور عالمی برادری پر ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی عدالت عظمیٰ دباؤ کے نتیجے میں اگر 35Aکو ختم کرنے کی کوشش بھارت کی بربادی کا عنوان بنے گی،مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں آل پارٹیز کانفرنس بلا کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ پلوامہ واقعہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا ردعمل ہے ،جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے جارحیت کی حماقت کی تو کشمیری پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔