کنٹرول لائن ،حواس باختہ بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ ،6 شہید12 زخمی

202

مظفرآباد،کوٹلی،چکوٹھی(آئی ا ین پی ،صباح نیوز،آن لائن)کنٹرول لائن کے مختلف علاقوں میں حواس باختہ بھارتی فوج کی شہری آباد ی پر فائرنگ ، خواتین سمیت 6 افراد شہید، 12 زخمی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر کے بچے ، خواتین سمیت 6 افراد کو شہید کر دیا جبکہ 12 شہری زخمی ہو گئے ۔شہید ہونے والوں میں ممتاز بیگم،موتیاں بی بی،زرینہ ،گلزار ودیگر شہری شامل ہیں۔ نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد شامل ہیں ۔عباس پور میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ا یک شہری شدیدزخمی ہوا ۔کھوئی ر ٹہ میں بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون شہیدہوگئی۔چکوٹھی سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے ایک مسجد بھی شہید ہوگئی۔ کنٹرول لائن پر فائرنگ اورگولہ باری کاسلسلہ رات بھر جاری رہا ۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر، جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہونے پر مجبور ہوگئیں۔بھارتی گولہ باری کے بعد سینکڑوں افراد پر مشتمل ایک سو بیس سے زائد خاندان لائن آف کنٹرول سے نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔ لائن آف کنٹرول پر ہونے والی گولہ باری کے بعد شدید کشیدگی کے باعث بدھ کے روز ہونے والی سرینگر مظفرآباد تجارت کو معطل کر دیا گیا اور سرینگر جانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر کھڑے درجنوں ٹرک بھی وآپس محفوظ مقامات پر پہنچ گئے ۔