مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 کشمیری شہید ،5 بھارتی اہلکار ہلاک

138

سری نگر/نیویارک(آن لائن +صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر تازہ ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ مقامی میڈیا کے مطابق نوجوانوں کوضلع کپواڑاہ میں سرچ آپریشن کی آڑمیں نشانہ بنایا گیا۔رپورٹس میں بتایاگیا ہے کہ ضلع کپواڑا کے علاقے ہندواڑہ میں کشمیر مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں5بھارتی اہلکار بھی مارے گئے ہیں جن میں 3 فوجی اورپولیس 2 اہلکار شامل ہیں۔ ہندواڑہ میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سروس معطل ہیں جب کہ داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات ہے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شہید کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی خون کی ارزائی رُکنے کا
نام نہیں لے رہی ہے،اس کی تمام تر ذمے داری بھارت کے حکمرانوں پر عاید ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے جمہوری اور تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں اور سکھوں نے بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔چودھری ظہور نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اپنے حالیہ دورہ امریکا کے دوران ہمیں بتایا تھا کہ مودی سرکار کا جنگی جنون انتخابات تک رہے گا اس لیے بیرون ممالک میں مقیم کشمیری ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رہیں۔