عدالتی نظام میں اصلاحات لانے میں ہی عام آدمی کا فائدہ ہے ۔فواد چوہدری

489
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت عام آدمی کو سب سے بڑا فائدہ پہنچانا چاہتی ہے تو وہ عدالتی نظام میں اصلاحات لانا ہے۔ اسی طرح عدالتیں بھی دیگر اداروں میں اصلاحات چاہتی ہیں لیکن عدالتی نظام میں اصلاح کی جانب ان کی توجہ کم ہے۔
انھوں نے بتایا کہ بطور وکیل میں نے وکلا  میں یہ خوف دیکھا ہے کہ کہیں عدالتی اصلاحات کے باعث قانونی کارروائیاں کم نہ ہوجائیں۔ لیکن قوانین کے بہتر ہونے سے معیشت بہتر ہو گی اور اس سے دیگر اداروں میں بہتری کے ساتھ ساتھ وکلاء  کے لئے بھی مزید معاشی مواقع پیدا ہوں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو جب تک اس بات کا احساس نہیں ہوگا کہ ملک میں انصاف کا یکساں نظام رائج ہے اس وقت تک پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا قوانین کی موجودگی کے باوجود امیر آدمی کیلئے جیل بھی فائیو سٹار ہوٹل جب کہ غریب آدمی کے لئے گھر بھی جیل ہے۔
اپنے خطاب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا پاکستان کے ہر طبقہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ ہمارے کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ لیکن اس جنگ کے خلاف نذرانے پیش کرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے بار ایسوسی ایشن اور سی ڈی اے حکام سے درخواست کی کہ ساتھ مل بیٹھ کر وکلا کے چیمبرز کی تعمیر کے حوالے سے ماسٹر پلان تشکیل دیا جائے۔ جس کے لیے حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔