افغانستان: جھڑپوں اور بم دھماکے میں 32افراد جاں بحق

71

کابل(اے پی پی+صباح نیوز)افغانستان میں جھڑپوں اور بم دھماکے میں اہلکار سمیت 35افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بلخ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں کم ازکم 26 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ شمالی علاقے کے فوجی ترجمان محمد حنیف نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے چاہار بولاک،کشندے اور زاری اضلاع کے علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کیا جنہیں جنگی طیاروں کا بھی تعاون حاصل تھا،آپریشن کے نتیجے میں 3 مقامی کمانڈروں سمیت 26 عسکریت پسند ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی بھی مارا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ علاوہ ازیںافغانستان میں ایک مسافر بس کے نزدیک سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں8مسافر جاں بحق اور6زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے بغلان کے دارالحکومت کے قریب ایک مرکزی شاہراہ کے کنارے نصب بم اس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے ایک مسافر بس گزر رہی تھی،دھماکے سے بس میں سوار4 بچے ، 2خواتین اور2مرد ہلاک ہوگئے جب کہ6افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں بھی2بچے شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہے تھے۔ ترجمان گورنر بغلان کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،جہاں3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔حملے کی ذمے داری کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی ۔