کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے رہنما حنیف رنچ نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک کو عدالتی حکم پر کام سے روکنے پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ای او پی آئی اے ایماندار ودیانت دار شخص ہیں،
جنہوں نے ادارے کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے،پی آئی اے جیسے بڑے ادارے میں ہیڈ آف مینجمنٹ کے بغیر ٹریول کا کاروبار متاثر ہوسکتا ہے،وہ ہفتے کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر رفیق بخاری،ندیم شریف،نعیم شریف،زبیر بخاری بھی موجود تھے،
محمد حنیف رنچ نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ مفرور عدالت میں وفاق کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات ودلائل میں ایسوسی ایشن کے تحفطات کو شامل کیا جائے،
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے طویل عرصے بعد اعلیٰ پیشہ آور سربراہ کو تعینات کیا ہے جو ایوی ایشن انڈسٹری کا 40 سالہ تجربہ رکھتے ہیں،چند غیر متعلقہ عناصر اپنے ذاتی مفاد کے لئے ادارے میں بے چینی کی فضا قائم کرے عوام وملازمین کے اعتماد کو نقصان پہنچانے کے لئے سرگرم ہیں ان عناصر میں جعلی ڈگری رکھنے والے اور کرپٹ لوگ پیش پیش ہیں،
انہوں نے کہا کہ ارشد ملک کی تعیناتی سے ادارے آپریشنل نقصانات میں 50 فیصد کمی ہوئی ہے،جبکہ کارگو آپریشنز ودستیاب صلاحیت کے ساتھ 80 فیصد بہتر ہوئے ہیں
،انہوں نے کہا کہ ارشد ملک کی سربراہی میں ادارے میں ہوائی جہازوں کے دستیاب کل31 بیڑے میں سے 29 آپریشنل جہاز ہیں،جبکہ ماضی میں یہ تعداد 23 تھی،
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایئر مارشل ارشد ملک کی سربراہی میں قومی ائیر لائن کے معاملات مثبت سمت میں انجام پارہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ارشد ملک کی کاوشوں سے پی آئی اے کی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ سے بحال ہوگی۔