کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین اربن ریسورس سینٹرعارف حسن نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم نے ہزاروں لوگوں کو بیروزگار اور بے گھرکیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق متاثرین کو ایک سال کے اندر تمام بنیادی سہولیات کے ساتھ متبادل رہائش فراہم کی جانی تھی جس میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کا وعدہ پورا کرے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرامت علی،کامران علی،شیما کرمانی، مہناز رحمان اور دیگر سماجی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مہم میں غریب اور کم آمدنی والے افراد کے کاروبار اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا،
اس لئے یہ تاثر سامنے آرہا ہے کہ طاقت ور طبقہ غریب افراد کی زمین ہتھیانے کے چکر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ اپنے گھر نہ توڑنے کے بیان کی پاسداری کریں اور صوبے میں متاثرین کے خلاف مہم فوری روکی جائے،
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کنال اور واٹر کورس کے کنارے آباد متاثرین کو ان کے روزگار کے قریب علاقوں میں پلاٹ دئے جائیں۔ٹھیلے اور غیر رسمی مارکیٹوں کو لائسنس دینے اور ان کو ریگولائز کرنے لے لئے حکومت اپنی پالیسی واضح کرے۔