پشاوربی آرٹی کی لاگت لاہور، ملتان میٹروکے برابرہوگئی، شہبازشریف

81

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تعجب ہے پی ٹی آئی پشاور بی آرٹی کی تحقیقات سے بھاگ رہی ہے، پشاور بی آر ٹی کی لاگت لاہور، ملتان ، راولپنڈی میٹرو کے برابر ہوگئی لیکن پی ٹی آئی نے عدالت اسٹےآرڈرلے لیا ہے۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی لاگت ہمارے دور کے تین منصوبے لاہور، ملتان اورراولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے برابر ہوگئی ہے لیکن اس کے باوجود پشاور بی آرٹی منصوبہ نامکمل ہے۔ ہمارے دور میں 27 کلومیٹر کیلیے لاہورمیٹرو بس منصوبے کی لاگت 29.65 بلین روپے ہے جبکہ پشاور بی آر ٹی منصوبہ ساڑھے 27 کلومیٹر پر بنایا جا رہا ہے۔ اس نامکمل منصوبے کی لاگت 90 بلین ہوگئی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ تعجب ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بی آر ٹی پشاور منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کروانے کی بجائے عدالتوں سے تحقیقات رکوانے کیلیے حکم امتناعی لے لیا ہے۔دوسری جانب خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے پشاور بی آر ٹی میں کرپشن کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور ممکنہ طور پراپنی رپورٹ آج پشاور ہائیکورٹ میں جمع کروائے گی۔ ایف آئی اے نے پی ڈی اے اور سیاسی شخصیات کے بیانات بھی قلمبند کیے۔ پشاورہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے ایک ہفتہ میں رپورٹ جمع کرنے کی ہدایات کی گئی تھی پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ایف آئی اے کو 35 مختلف پوائنٹس کی تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے جس کے لیے 45 دن کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی ڈیڈ لائن اس حوالے سے ختم ہوگئی ہے۔