سول ایوی ایشن کو ساڑھے تین ارب سے زاید کا نقصان

460

کورونا وائرس کے پیش نظر بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے باعث پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت کو ایک ماہ میں ساڑھے تین ارب سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے جہاں عالمی معیشت کو زبردست دھچکا پہنچا ہے وہیں پروازوں کی بندش سے ہوا بازی کی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

بین الاقوامی پروازوں کی بندش سے پاکستانی ہوابازی کی صنعت پر منفی اثرات پڑے ہیں اور صرف مارچ کے مہینے میں سول ایوی ایشن کو 3ارب 61کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

سی اے اے کے نقصان کی سرکاری دستاویز کے مطابق مارچ کے پہلے 15دنوں میں 212 فلائٹس منسوخ ہوئیں جب کہ ایک ماہ کے دوران کل 1681 پروازیں منسوخ ہوئیں ہے۔

سی اے اے کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پروازیں منسوخ، لینڈنگ و دیگر چارجز کی مد میں 2723 ملین روپے کا نقصان ہوا ہے، اسی طرح فضائی حدود کے عدم استعمال پر895ملین روپے کانقصان اٹھانا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بند کر رکھا ہے البتہ بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے اور یہاں سے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک پہنچانے کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔