یمنی فوج دارالحکومت صنعا کے قریب پہنچ گئی

167

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کار ضلع نہم میں محلی گاؤں اور صنعا کو مارب سے ملانے والی شاہراہ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یہ پیش رفت فوج اور مزاحمت کاروں کے علاقے میں پہاڑوں اور اونچے ٹیلوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سامنے آئی۔ ادھر تعز شہر کے مغرب میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے بریگیڈ 35کے اطراف اور پہاڑی علاقے میں حوثی ملیشیاؤں کے ایک حملے کو بھاری ہتھیاروں کے ساتھ پسپا کر دیا۔ اس کے علاوہ عوامی مزاحمت کاروں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ تعز شہر کے جنوب میں بھی شرف الصلو کے علاقے میں حوثی ملیشیاؤں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اس دوران جھڑپوں میں حوثی باغیوں کے 29ارکان ہلاک و زخمی ہوئے جب کہ عوامی مزاحمت کاروں کا ایک رکن جاں بحق اور 17زخمی ہوئے ۔ عرب ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اتحادی طیاروں نے صعدہ صوبے کے شمال مغرب میں واقع سرحدی ضلع شدا میں حوثی ملیشیاؤں کے 2 کمانڈروں عقیل علی احمد ناجی اور امین فیصل معوض کو ہلاک کر دیا۔ مقامی قبائلی ذرائع نے ناجی اور معوض کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ یمنی فوج اور باغی ملیشیاؤں کے درمیان متعدد محاذوں پر شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں اہم ترین محاذ دارالحکومت صنعا کے شمال میں واقع ضلع نہم تھا۔ یہاں یمنی فوج نے المدفون قصبے میں ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں باغیوں کو جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا۔ دوسری جانب یمن کے ساتھ سرحد پر سعودی عرب کے سرحدی محافظین اور باغی ملیشیاؤں کے درمیان راکٹ باری اور توپ سے گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ یہ جھڑپ سعودی عرب کے دو صوبوں عسیر اور نجران کے مقابل یمنی صوبے صعدہ کے آرپار ہوئی۔ اتحادی طیاروں نے یمنی صوبے صعدہ کے 2 علاقوں آل الصیفی اور قحزہ میں ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ دونوں علاقے حوثیوں کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔ دارالحکومت صنعا کے شمال مشرق میں واقع ضلع ارحب کے علاقے بیت مران میں ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر بم باری کی گئی۔ اس کے علاوہ عمران صوبے کے شمال میں صعدہ اور صنعا کے درمیان العمالقہ عسکری کیمپ کے زیر انتظام ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ادھر الحدیدہ صوبے میں اتحادی طیاروں نے باجل شہر میں ملیشیاؤں کی بیرکوں پر بم باری کی۔ تعز میں جو کہ معرکوں کا وسیع میدان شمار کیا جاتا ہے ، شہر کے اطراف اور جنوب میں لحج صوبے کی سمت نواحی علاقوں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ المضاربہ ضلع میں باب المندب کے علاقے کے مشرق میں گھمسان کی لڑائی ہوئی۔ اس دوران یمنی فوج نے عرب اتحادی طیاروں کی معاونت سے ملیشیاؤں کی متعدد فوجی گاڑیاں تباہ کر دیں۔