فرانزک لیب کا قیام نیب کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریگا، قمر زمان چودھری

108

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب میں فرانزک سائنس لیبارٹری کے قیام کا مقصد بدعنوانی کے خاتمے کیلیے نیب کی کوششوں کو عصر حاضر کی ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے اقدامات اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے بلاامتیاز خاتمے کیلیے پرعزم ہے۔ اب تک کردار سازی کی 22 ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی گئی ہیں جو کہ اہم کامیابی ہے۔ نیب بدعنوانی کے خلاف جنگ میں طلبہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کے گھروں اور کمیونٹیز میں اس پیغام کو پھیلانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب معاشرے میں بدعنوانی کے برے اثرات سے متعلق آگہی پیدا کرنے کیلیے کوشاں ہے۔