وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں دیکھیں گے کس کے ماتھے پرپسینہ آتا ہے،اور کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں.
وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی یوم آزادی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ نے گلگت بلتستان کوخوبصورتی سے نوازا ہے اور جب تک وزیراعظم رہوں گا یکم نومبر کا دن آپ کے ساتھ گزاروں گا.
وزیراعظم نے گلگلت بلتستان کو عبوری وصوبائی حیثیت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکائوٹس اور شہدا نے قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا، انتخابات کی وجہ سے یہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کرسکتا لیکن یہ بتانا چاہتا ہوں حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کے جوعلاقے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں اوپر لایا جائے.
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت انسانوں کو برابر نہیں سمجھتی، بھارت میں پچھلے 73سال میں سب سے زیادہ انتہا پسند حکومت آئی ہے، بھارت نے شیعہ سنی علما کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا، بھارت میں مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت ہے.
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی وجہ سے آج ملک محفوظ ہے اور یہ ڈاکو آرمی چیف کے خلاف بول رہے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کا دشمنوں نے فائدہ اٹھایا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے انتشار پھیلانے کے پروگرام پاش پاش کیے،آج ہمیں مضبوط سیکیورٹی فورس کی ضرورت ہے.
وزیراعظم نے کہا کہ ان کے حق میں عدالتی فیصلہ آتا تو ٹھیک ہوتا ان کے خلاف آتا تو عدلیہ کو ہدف بناتے ہیں، ملکی معیشت بہتر ہوگئی ہے، میری توجہ اب قانون کی بالادستی میں ہوگی، قانون کی بالادستی میں پاکستان کا فائدہ ہے جبکہ ان کا فائدہ پاکستان کے مفاد میں نہیں، عمران خان کبھی ان ڈاکوؤں کو معاف نہیں کرے گا، آج ہم میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کو دیکھ رہے ہیں.
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج سے کچھ عرصہ پہلے بات کی تھی جس میں ایک بات یہ کہ تیس سال سے پیسے چوری کرنے والے اکٹھے ہوجائیں گے، دوسری بات یہ جس چیز میں پاکستان کا فائدہ ہے اس چیز میں ان کا نقصان ہے،مجھے معیشت اور الیکشن پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی جبکہ یہ چاہتے ہیں مجھے بلیک میل کریں اور میں انہیں این آر او دے دوں.