کوروناکیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے ،آصف انورشاہوانی

78

لسبیلہ(نمائندہ جسارت)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے ضلع لسبیلہ میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہا ہے روزانہ کی بنیاد پر متعدد نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں یہ وقت ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کا ہے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے حکمت عملی اپنائی جارہی ہے میڈیکل ٹیمیں تمام اسپتالوں میں الرٹ کردی گئی ہیں کورونا وائرس کی حالیہ لہر میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے اس لیے محکمہ صحت کی جانب سے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں شہری غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری طور پر سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبا ہے اس سے پوری دنیا کے متعدد ممالک متاثر ہوئے ہیں ہزاروں لوگ ہمارے ملک میں بھی اس وبا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔صحت عامہ پر کسی بھی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا محکمہ صحت کے اہلکار اسٹاف ڈاکٹرز اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دوران فرائض سرانجام دہی ماسک اور گلوز کا استعمال یقینی بنائیں اور عوام کو صحت کے مراکز سے یہ میسج دیں کہ آئیں سب مل کر اس وبا کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ہم لسبیلہ میں 3414 افراد کے ٹیسٹ کرچکے ہیں اور گزشتہ روز 12 ٹیسٹ نمونے کیے گئے جن میں سے 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا سے متاثرہ مریضوں کی لسبیلہ میں مجموعی تعداد 344 ہوچکی ہے جبکہ آج جن افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ان کا تعلق لسبیلہ یونیورسٹی،حب سینٹرل جیل ،گڈانی اور اوتھل سٹی سے ہے جنہیں رپورٹس آنے کے بعد قرنطینہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نومبر 2020ء میں 88 نمونے لیے گئے جن میں سے 20 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 37 منفی رزلٹ آئے ہیں اور 31 نمونے پر لیبارٹری ہورہی ہے جن کی رپورٹس جلد جاری ہو گی۔