بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں نہ صرف وائٹ واش کیا بلکہ ساتویں سے آٹھویں پوزیشن پر بھی دھکیل دیا۔
شرمناک شکستوں پرقومی ٹیم کی 2017 ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں شرکت بھی خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔چیمپئنز ٹرافی میں ٹاپ آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی ۔
بنگال ٹائیگرزسے ون ڈے سیریز میں وائٹ واش پر گرین شرٹس کو 3 پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے تعداد ویسٹ انڈیز کے برابر 92 ہوگئی،کیریبیئن سائیڈ کو 0.13 پوائنٹ کی برتری نے ساتویں نمبر پر ترقی دلا دی،کلین سوئپ کے کارنامے پر خوشیاں منانے والے ٹائیگرزکے پوائنٹس کی تعداد اب 81 ہوگئی ہے۔
بظاہر تو پاکستانی ٹیم اور بنگلادیش میں ابھی کافی فاصلہ باقی ہے لیکن سری لنکا کے خلاف اگلی سیریز میں ایک رسوا کن ناکامی اور بنگلا دیش کی چند دیگر بڑی ٹیموں کیخلاف اچھی کارکردگی خطرے کی گھنٹی بجا سکتی ہے۔
دوسری جانب ٹیم کے نائب کپتان سرفراز احمد کو تیسرے ون ڈے سے ڈراپ کیے جانے پر سابق کرکٹرز نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ وننگ پلیئرکو پانی پلانے پر لگادیا ۔