پاک چین معاہدوں پر بھارت شور نہ مچائے،شہباز شریف
پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے پاکستان سے اربوں ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر بھارت شور نہ مچائے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پاک چین سرمایہ کاری پر بھارت بلاضرورت واویلا مچارہا ہے،پڑوسی ملک کو چینی صدر کے دورہ پاکستان پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ 46 ارب ڈالرزکا پیکج چین نے کسی اورملک کو نہیں دیا،ان منصوبوں کوآئندہ 2 سے تین سال میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے شروع کیے گئے منصوبوں کا فائدہ کسی ایک ملک کو نہیں بلکہ پورے ملک کو ہوگا۔