امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں خواتین کی جانب سے بھرپور رابطہ عوام مہم قابل تحسین ہے ،تمام مشکلات اور دباﺅ کے با وجود گھر گھر رابطہ کیا گیا اورعوام کو جماعت اسلامی کے گرد مجتمع کرنے کی کوشش کی گئی ،بھرپور انتخابی مہم نے ثابت کردیا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ایک مضبوط قوت بن کر سامنے آئے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں خصوصی اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع کارکنان سے جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی اورناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی فرحانہ اورنگزیب اور دیگر خواتین رہنما نے بھی خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اللہ کے دین کے غلبہ کی جدو جہد کرنے والوں کے خلاف سازشیں ضرور کی جاتی ہیں لیکن ان سازشوں کے خلاف سے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہونا اقامت دین کی تحریکوں کا دستور و منشور رہا ہے ،مصائب و مشکلات اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا انبیاءکی سنت رہی ہے،اس سنت کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کو دولاکھ ووٹ بھی مل جائیں تب بھی وہ دہشت گردی ،بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ جیسے داغ کو مٹانہیں سکتی آج اگر ایم کیو ایم کو ووٹ ملے ہیں تو اس کی وجہ صرف اور صرف خوف ہے جس میں کراچی کے عوام کو مبتلا کر رکھا ہے ۔