نیپال میں ہولناک زلزلے میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے5روز بعد ایک پندرہ سالہ لڑکے کوزندہ نکال لیا گیا۔
ہفتے کو آنے والے 7.9شدت کے خوفناک زلزلے میں جہاں مرنے والوں کی تعدادساڑھے پانچ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے وہیں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کے زندہ ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گزشتہ روز 4ماہ کے بچے کوزندہ نکالے جانےکے بعد آج 15سالہ لڑکے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ دارالحکومت کھٹمنڈومیں منہدم ہونے والے ہلٹن ہوٹل کے ملبے سے پیماباما نامی لڑکے کو پولیس اور ریسکیواداروں نے 6گھنٹے کی جدوجہد کے بعد نکالا ہے۔
ترجمان پولیس نرایان تھاپا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملبے تلے دبے 2مزید افراد کے زندہ ہونے کی اطلاع ہےجس پر امریکی اور مقامی فورسز نے ریسکیوآپریشن شروع کردیا ہے۔