الیکشن ٹریبونل نےلاہور کے حلقہ این اے 125میں دھاندلی کے شواہد ملنے پرانتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئےحلقےمیں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالتی حکم کے بعد حلقے سے کامیاب امیدوار خواجہ سعد رفیق نااہل ہوگئے ہیں۔
حلقے سے شکست خوردہ پی ٹی آئی کے امیدوار حامد خان نے دھاندلی کے الزامات عائد کرکے سعد رفیق کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔
ٹریبونل نے نادرا سے ووٹوں کی تصدیق اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 30اپریل کو محفوظ کیا تھا اور 4مئی کو سنانے کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن ٹریبونل کے جج جاوید رشید محبوبی نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ این اے 125میں دھاندلی کے ثبوت ملے ہیں جب کہ الیکشن میں انتخابی عملے کی بے ضابطگیاں بھی سامنے آئی ہیں۔
عدالتی فیصلہ آنے کے بعد حامد خان نے کہا ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے اور اب اس حلقے سے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔