?راچ?:وز?راعظم ?? ز?رصدارت گورنر?اؤس م?? اعل?? سطح اجلاس

231

سانحہ کراچی کے بعد ملکی قیادت سرجوڑ پر بیٹھ گئی ۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت گورنرہاؤس میں ہونے والا اعلیٰ سطح اجلاس اختتام پذید ہو گیا ۔ اجلاس میں آرمی چیف اور وزیردفاع سمیت اعلیٰ سول اور فوجی قیادت نے شرکت کی ۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کراچی آپریشن کے دوسرے مرحلے کو مزید تیز کیا جائے گا ۔

سانحہ کراچی کے پس منظر میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس گورنرہاؤس میں ہوا ۔ اجلاس میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، گورنر سندھ عشرت العباد ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن ، کورکمانڈر کراچی نوید مختار ، ڈی جی رینجرز بلال اکبر ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی ، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار ، خالد مقبول صدیقی اور رشید گوڈیل نے شرکت کی ۔

گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیہ میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ کراچی آپریشن کے دوسرے مرحلے کو مزید تیز کیا جائے گا ، جامع نتائج کے حصول تک کراچی آپریشن جاری رہے گا ، دہشتگرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے بہادر قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید فعال بنایا جائے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ، یہاں پر ہر ہونے والا واقعہ اہمیت رکھتا ہے ، آج کے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے جو لوگ ایسے واقعات میں ملوث ہیں ہمیں ان پر نظر رکھنی ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا دہشتگردی سے مسئلے سے نمٹنے کے لئے پوری قوت لگانا ہو گی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کراچی کوامن کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کی معاشی ترقی دشمنوں کو پسند نہیں ، پاکستان کو غیرمستحکم کرنا دشمنوں کا ایجنڈا ہے ۔ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ کراچی میں ملوث ملزمان تک پہنچنے کے تمام ممکن اقدامات کیئے جائیں ۔ انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے ۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پولیس کی کارکردگی پر اظہار برہمی کا اظہار کیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا سانحہ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کر دی ہے جو اپنی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرے گی ۔

چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق نے کراچی میں امن و امان اور سانحہ صفورہ چورنگی پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی ۔

اجلاس میں اس بات پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا کہ دہشتگرد اتنی دیر تک بس میں اپنی سفاکانہ کارروائی کرتے رہے مگر قانون نافذ کرنے والے کیا کرتے رہے ۔