وز?راعظم نواز شر?ف ?? دور? تر?مانستان ?ا مشتر?? اعلام?? جار?

254

پاکستان اور وسط ایشیائی ریاست ترکمانستان نے ٹرانسپورٹیشن اور کمیونیکیشن رابطوں میں اضافہ کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کو قائم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔ ترکمانستان کے دو روزہ سرکاری دورے کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور صدر قربان گلی بردی محمدوف کے مابین باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو اشک آباد میں جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں نے باہمی تعاون اور پارٹنر شپ بڑھانے کا عزم ظاہر کیا جو دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کے باہمی مفاد میں ہے۔ اس سے خطے میں امن ‘ استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔ ترکمانستان نے دہشتگردی اور شدت پسندی کے خطرے سے نمٹنے کےلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی۔ دونوں ملکوں نے سیکیورٹی ‘ انسداد دہشتگردی‘ منشیات‘ سمگلنگ کی روک تھام ‘ منظم جرائم اور دیگر خطروں سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔ دونوں ملکوں کی جیو اکنامک اور جیو پولیٹیکل اہمیت مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور ترکمانستان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ دونوں ملکوں کے رہنماﺅں نے تجارت‘ معیشت‘ فنانشل منصوبوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور انفراسٹرکچر‘ مائننگ‘ زراعت‘ مینوفیکچرنگ‘ ملٹی میڈیا ٹیکنالوجی‘ بنکنگ‘ ماحولیات اور انرجی سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق ترکمانستان پاکستان کو توانائی فراہم کرے گا۔ دونوں ملکوں نے علاقائی اور ٹرانس ریجنل تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس تناظر میں دونوں ملکوں نے تاپی منصوبے کی اہمیت پر زور دیا اور اس اہم علاقائی منصوبے پر جلد از جلد عملدرآمد کے لئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے مابین ثقافت‘ سائنس‘ آرٹ‘ سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک اقوام متحدہ‘ غیر وابستہ تحریک‘ جی 77 ‘ ایکو اور اسلامی سربراہ کانفرنس سمیت تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون کریں گے۔

دونوں ملکوں نے علاقائی اور عالمی معاملات کو باہمی مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ترکمانستان نے 2017ءمیں اشک آباد میں پانچویں ایشیائی انڈور اور مارشل آرٹس گیمز کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین خصوصی تعلقات باہمی عزت اور احترام کی بنیاد پر استوار ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکمانستان کے صدر کی بصیرت کو سراہا جنہوں نے ترکمانستان کو خوشحالی سے ہمکنار کرایا۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ترکمانستان گوادر پورٹ کی انفراسٹرکچرل صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لئے جلد ایک وفد پاکستان بھیجے گا۔ وفد ایل این جی /سی این جی کنورژن پلانٹس قائم کرنے کے آپشنز کا جائزہ بھی لے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے گرمجوشی سے استقبال کرنے پر ترکمانستان کے صدر اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترکمانستان کے صدر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دیدی۔