جماعت اسلام? اقتدار م?? آ ?ر بج? ?ا سب س? ز?اد? حص? تعل?م پر خرچ ?ر? گ?،سراج الحق

264

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر بجٹ کا سب سے زیادہ حصہ تعلیم پر خرچ کرے گی۔ حکومت مدارس کے طلبہ پر دہشتگردی کے الزامات لگاتی رہی جبکہ کراچی سے پکڑے گئے تمام مجرم جدید اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں ۔ جماعت اسلامی ملک سے فرقہ واریت کے خاتمہ اور قومی یکجہتی کے لیے تمام مکتبہ فکر کو متحد کرے گی ۔ جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی اور وزراءنے ثابت کیا کہ انہیں موقع ملا تو وہ ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اٹک میں جمعیت طلبہ عربیہ کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع ارکان سے نومنتخب منتظم اعلیٰ عبیدالرحمن عباسی اور سابق منتظم اعلیٰ مولانا بشیر احمد نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ حکومت نے نظریہ پاکستان او ر شہدا کے خون سے بے وفائی کی ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد خاموش ہے ۔ کشمیری روزانہ پاکستانی پرچم لہرانے کے جرم میں شہادتیں دے رہے ہیں لیکن پاکستانی حکمران ان کے حق میں آواز اٹھانے کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ہم انشاءاللہ کشمیریوں کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ان کی پشتیبانی کریں گے اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجہ ¿ استبداد سے آزاد کرا کر دم لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 68 سال سے کسی حکومت نے بھی عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ طبقاتی نظام تعلیم نے قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کر دیاہے ۔ نظام تعلیم نے ہمیں متحد کرنے کی بجائے مختلف طبقوں میں تقسیم کر دیاہے ۔ ملک کو جدید مغربی تعلیم اور دینی تعلیم کے نام پر منقسم کر دیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہونے والی بدامنی اور دہشتگردی کو قرآن وسنت کی تعلیم حاصل کرنے والوں سے جوڑکر مدارس کو بند کرنے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مغرب اور امریکہ کی طرف سے مسلمانوں پر لگائے جانے والے دہشتگردی کے الزامات درست ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مغرب کے زر خرید غلام وہی بولی بولتے ہیں جو ان کے آقا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ منبر و محراب معاشرے میں اللہ اور رسول کے احکامات پہنچاتے ہیں ۔ امریکی اشاروں پر ناچنے والے ان کا گلا دبانے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں جان لیناچاہیے کہ منبر و محراب سے ٹکرانے والا پاش پاش ہو جائے گا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جمعیت طلبہ عربیہ کی دینی مدارس کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور امت کو ایک کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور میں انہیں مبارکباد پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نہیں چاہتاکہ عالم اسلام متحد ہو کر ترقی کرے اور آگے بڑھے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا میں ہونے والی دہشتگردی اور بدامنی میں بنیادی کردار عالم کفر کا ہے۔ اس وقت عالم اسلام اور خاص طور پر پاکستان کو اسلحہ سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے ۔