چ?ن جنوب? بح?ر? چ?ن م?? مصنوع? جزائر ?? تعم?ر بند ?ر د?،امر???

188

امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر نے ہوائی میں اپنے ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک کے 11 روزہ دورے کے آغاز سے قبل ایک بیان میں کہا ہے کہ چین جنوبی بحیرہ چین میں مصنوعی جزائر کی تعمیر بند کر دے۔ امریکہ نے چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنوبی بحیرہ چین کے پانیوں میں مصنوعی جزائر کی تعمیر فوری طور پر بند کرے۔

امریکی وزیرِ دفاع ایش کارٹر نے کہا کہ چین کا متنازع علاقے میں اپنی حددو بڑھانے کا منصوبہ سکیورٹی کے بارے میں علاقائی اجماع سے متصادم ہے۔ چین متنازع جنوبی بحیرہ چین میں ریتیلی چٹانوں پر مصنوعی جزائر تیار کر رہا ہے۔ ایش کارٹر کا کہنا تھا کہ  ہم تمام تنازعات کا فوری اور دیرپا حل چاہتے ہیں۔

امریکی وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کوئی بھی دعویدار زمین حاصل کرنے کا عمل روک دے اور ہم اس علاقے میں مزید عسکری سرگرمیوں کے بھی مخالف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی بحیرہ چین میں چین کے اقدامات نہ صرف ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق عالمی معمولات سے متصادم ہیں بلکہ وہ خطے میں تنازعات کے بارے میں غیر جارحانہ رویہ رکھنے کے بارے میں علاقائی اجماع کے بھی خلاف ہیں۔

ایش کارٹر نے کہا کہ امریکہ آنے والی دہائیوں میں بھی اس خطے میں مرکزی فوجی طاقت رہنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین کے اقدامات خطے کے دیگر ممالک کو نئی شکل میں اکٹھا کر رہے ہیں اور ان کا یہ مطالبہ بڑھتا جا رہا ہے کہ امریکہ ایشیا اور بحرالکاہل کے اس خطے میں اپنا کردار ادا کرے اور ہم ان کی یہ توقع پوری کریں گے اورآنے والی کئی دہائیوں تک اس خطے میں مرکزی فوجی طاقت رہیں گے۔

ایش کارٹر دوسرے اعلیٰ امریکی عہدیدار ہیں جنھوں نے سپریٹلی جزائر کے بارے میں تشویش ظاہر کی ہے۔اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ نے بھی چین کے دورے کے موقع پر کہا تھاکہ چین جس سمت و رفتار سے جنوبی بحیرہ چین کے علاقوں پر اپنا دعویٰ پیش کر رہا ہے اس پر انھیں تشویش ہے۔

واضح رہے کہ چین کی جانب سے مصنوعی جزائر کی تعمیر کے خلاف امریکی وزیرِ دفاع کا تازہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ ہفتے ہی چینی بحریہ نے سپریٹلی جزائر کے اوپر پرواز کرنے والے ایک امریکی جاسوس طیارے کو وہاں سے نکل جانے کو کہا تھا۔