امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کر تے ہوئے اسے حکومت کا ظا لمانہ فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ نہ ہو نے کے باوجود ملک میں قیمتوں میں اضافہ حکومت کا غیر منصفانہ طرزِ عمل ہے ۔رمضان المبارک کی آمد سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب اُ منڈ آئے گا۔ ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا۔حکومت کو چاہیئے تھا کہ عوام کو ریلیف دیتی ،مگر حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ عوامی مسائل اور مشکلات سے اسے کو ئی سروکار نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ عوام کو دھوکہ دینے کے بجائے وضاحت کریں کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کب اور کتنا اضافہ ہوا ہے اور کیا حکومت نے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی کمی کے تناسب سے ملک کے اندر قیمتوں میں کمی کی تھی ۔؟
انھوں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب وفاقی بجٹ آنے والا ہے ،پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ بجٹ سے پہلے بجٹ لانے کے مترادف ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تو دوسری جانب یکم جولائی سے گھریلو صارفین کے گیس کے بلوں میں ماہانہ 100سے 5000روپے اضافے کا مژدہ سنا یا جارہا ہے ۔اگر ایسا کیا گیا تو عوام اس فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔