کراچی میں انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے سانحہ صفورا کے ایک اور ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی۔
کاؤنٹرٹیررزم ڈیپارٹمنٹ میں سانحہ صفورا کے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں ملوث ایک اور دہشت گرد کو گرفتار کرلیاگیا۔ملزم کی شناخت اسد الرحمان کے نام سے ہوئی ہے اور اس نے بس میں گھس کر فائرنگ کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے بقول دہشت گرد کے قبضے سے ایک گاڑی قبضے میں لی گئی ہے ۔یہ گاڑی سانحہ صفورا میں ملزمان کو لانے میں استعمال ہوئی تھی اور اسی گاڑی میں دہشت گرد کارروائی کے بعد فرار ہوئے تھے۔