انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم کے رہنماء عامر خان کو 7روزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کے حوالے کردیا۔
عامر خان کے خلاف رینجرز کی مدعیت میں عزیزآباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ان پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد تھا جب کہ مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔
جمعہ کے روز عامر خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رینجرز اور پولیس کی سخت سیکورٹی میں لایا گیا۔ملزم کو عقبی دروازے سے عدالت پہنچایا گیا۔
دوران سماعت رینجرز کے لاء افسر نے موقف اختیار کیا کہ 90روز کی نظر بندی کے دوران ملزم سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی بلکہ صرف جے آئی ٹی کرائی گئی۔
عامر خان نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ انہیں خورشید میموریل ہال سے گرفتار کیا گیا تھا، خورشید شاہ میموریل ہال میں عوام کے مسائل سننے جاتے ہیں۔
عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ملزم کو 7روزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔