اطالوی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ٹوماسو سینسون نے کہا ہے کہ سماجی ترقی کا خواب اس وقت ہی پورا ہو سکتا ہے جب معاشرے کے بے وسیلہ اور غیر ہنر مند افراد بالخصوص بیوگان اور گھر کی کفیل عورتوں کو ہنر مند اور باروزگار بنا کر ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔
ٹوماسو سینسون نے اپنے خیالات کا اظہار انٹر نیشنل کمیونٹی سپورٹ فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام اطالوی سفارتخانے کے تعاون سے بیوہ اور بے سہارا خواتین کی تعلیم و تربیت اور انہیں ہنر مند بنانے کے خصوصی منصوبے کے تحت مختلف فنی علوم میں مہارت حاصل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انٹر نیشنل کمیونٹی سپورٹ فاﺅنڈیشن کے سرپرست اعلی اورپاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ ، آئی سی ایس ایف کے صدر سلطان فیض ، سنئیر نائب صدر خالد افسر اور دیگر لوگ موجود تھے ۔