سابق صدر زرداری نے جنوبی وزیرستان میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید فوجی پاکستان کے اصل ہیرو ہیں ، ان کا کہنا ہے نریندرمودی کا 1971 کے واقعات پر پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کاالزام مایوس کن ہے ۔
کراچی بلاول ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا پاکستانی قوم متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتے گی اور اس جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
سابق صدر کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کی حکومتیں اور عوام اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ، دہشتگردی علاقے کے عوام کی مشترکہ دشمن ہے ، اس لیئے دہشتگردی سے لڑنے کے لیے دونوں ملکوں کو ہاتھ میں ہاتھ ڈالنا چاہئیں ۔ ایک دوسرے پر الزام تراشی کا فائدہ کسی کو نہیں ہوگا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا نریندرمودی کا 1971 کے واقعات پر پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کاالزام مایوس کن ہے ۔ بھارتی وزیراعظم کیطرف سے ایسا بیان پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے میں معاون نہیں ہو گا۔
اجلاس کے آخر میں جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجیوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی