مل? ?و غ?ر آئ?ن? اور غ?ر جم?ور? طر?ق? س? چلا?ا جار?ا ??،سراج الحق

354

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کو غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔ مغلیہ حکمرانی نے تمام جمہوری اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ چند سیاسی پنڈتوں نے ملک و قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو زندگی گزارنے کی سہولتوں سے محروم رکھنے کو ثقافت کا درجہ دے رکھاہے ۔ جماعت اسلامی ملک کا ثقافتی چلن بدلنا چاہتی ہے۔ عام آدمی سے زندگی کی سہولتیں چھین کر اسے محرومیوں اور پریشانیوں کے حوالے کر دینا کون سی تہذیب اور کلچر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن میں دارالہدیٰ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد، حافظ محمد ادریس، حافظ عاکف سعید، عبدالغفار عزیز، ملک شاہد اسلم، خلیق احمد بٹ و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب تک ملک سے حاکم و محکوم، ظالم و مظلوم اور جابر و مجبور کے کلچر کو تبدیل کر کے مساوات اور باہمی عدل و انصاف پرمبنی نظام حکومت قائم نہیں کیا جاتا۔ ملک و قوم ترقی کے زینے پر قدم نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ طرز حکمرانی نے عام آدمی کااستحصال کیا ہے، امیر امیر تر ہوتا جارہاہے اور غریب غربت کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے میں غربت اور تنگدستی کی وجہ سے ماں کا بچوں سمیت نہر میںکود جانا اور باپ کا اپنی بیٹیوںکو ذبح کر کے خودکشی کر لینا انتہائی شرمناک ہے،لیکن حکمرانوںکو اس طرح کے واقعات بھی جھنجوڑنے اور ظلم و جبر سے ہاتھ روکنے پر مجبور نہیں کر سکے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم و جبر کے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتی ہے، ہم ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ اس لیے چاہتے کہ عام آدمی کو جان مال اورعزت کا تحفظ صرف نظام مصطفی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کو مسجد کے گرد جمع کرنا چاہتے ہیں، مساجد ہماری عبادت گاہ ہی نہیں مرکزی ہیڈکوارٹر ہے جہاں بیٹھ کر تمام مسائل کا حل ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسجد کو مرکزی حیثیت حاصل رہی لوگوں کو عدل و انصاف ملتا رہا لیکن جب مساجد کے بجائے اقتدار بڑے بڑے محلات میں منتقل ہوا تو عام آدمی کا استحصال ہونے لگا اور معاشرے میں امیر اور غریب کے لیے مختلف قوانین بن گئے۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا عوامی ایجنڈا ان شاءاللہ ضرور کامیاب ہو گا۔ ہم عوام کی قوت سے اس استحصالی اور طبقاتی نظام کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائیں گے اور سٹیٹس کو کا خاتمہ کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں غریب اور محروم طبقے کو یکسر نظر انداز کیا گیا اور امیروں کوتمام سہولتیں بہم پہنچانے کی کوشش کی گئی۔