انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹسمین میٹ پرائر نے ہر طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
میٹ پرائر گزشتہ سال ستمبرمیں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد سے وہ اپنی فٹنس بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے لیکن وہ مکمل طور پر انجری سے چھٹکارا حاصل نہ کرسکے۔
انہوں نے آخری ٹیسٹ بھارت کے خلاف جولائی 2014میں کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ کرکٹ کے میدان سے دور تھے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 2007میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے میٹ پرائر نے 79میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی اور 4ہزار99رنز بنانے کے ساتھ ساتھ وکٹ کے پیچھے 265شکار کیے۔33سالہ وکٹ کیپر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فٹ ہوکر دوبارہ سے کرکٹ کھیلنے کے خواہشمند تھے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا جس کا افسوس رہے گا۔