قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ شکست دے کر ٹیسٹ رینکینگ میں تیسری پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی حاصل کرنے پر نظریں جما لی ہیں جبکہ گرین شرٹس کے پاس آئی لینڈرز کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہے۔ میتھیوز الیون بھی گرین شرٹس کے خلاف 3-0 سے فتح حاصل کر کے رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کر سکتے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق اگر مصباح الحق الیون آئی لینڈرز کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرتے ہیں تو وہ 105 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیویز سے تیسری پوزیشن چھین لیں گے، اگر گرین شرٹس 2-1 سے بھی سیریز جیت جاتی ہے تو پھر بھی وہ 101 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔ دوسری جانب سری لنکا کے پاس بھی ترقی پانے کا موقع ہے، میتھیوز الیون 3-0 سے سیریز جیت کر 104 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر سکتے ہیں جبکہ 2-1 کی فتح بھی آئی لینڈرز کو تیسری پوزیشن پر پہنچا دے گی۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقن ٹیم اس وقت 130 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، آسٹریلوی ٹیم 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ 99 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر برقرار ہے جبکہ انگلینڈ، بھارت اور پاکستان 97، 97 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر موجود ہیں، سری لنکا 96 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر ہے۔