جب تک چھوٹے مجرم پکڑے جاتے رہے کراچی آپریشن آئینی اور جب بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ پڑایہ غیر آئینی اور جمہوریت مخالف ہوگیا۔
امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا اصل مسئلہ ہی یہ ہے کہ اشرافیہ اپنے آپ کو ہر قانون اور آئین سے بالا تر سمجھتی ہے ،قانون صر ف عوام کیلئے ہے کوئی وی آئی پی اس کی زد میں نہیں آتا ۔جب تک سٹیٹس کا بت نہیں ٹوٹتا عوام کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سودی نظام نے پوری معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے ،سود اللہ اور رسول ﷺکے خلاف اعلان جنگ ہے حکمران خود کو اس جنگ سے بچائیں ۔ نواز شریف رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کردیں ۔ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ہاتھ گروی رکھ کر ہماری نسلوں کو غلامی کے شکنجے میں جکڑ دیا ہے مگرمعیشت پھر بھی نہیں سدھری۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے دعوےدار باہر نکل کر دیکھیں لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر حکمرانوں کے بارے میں کیسی باتیں کررہے ہیں ۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پہلے روزے ہی لوگوں کو سحری کے وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ان خیالات کا اظہار
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جن لوگوں نے نوازشریف کیلئے بجٹ بنایا ہے وہی مشرف اور زرداری کیلئے بناتے رہے ہیں۔ بجٹ سازی میں صرف ایک چیز کو مدنظر رکھا جاتا ہے کہ اشرافیہ اس کی زد میں نہ آئے ،انہوں نے کہا کہ پانچ فیصد اشرافیہ نے اٹھارہ کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے ،پارلیمنٹ میں غریبوں کے حقوق کی بات کرنے والا کوئی نظر نہیں آتا ،جاگیر دار اپنی جاگیروں اور سرمایہ دار اپنے کارخانوں اورفیکٹریوں کا تحفظ چاہتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسی فلاحی ریاست کا قیام چاہتی ہے جہاں قانون کی نظر میں امیر غریب سب برابر ہوں اور اگر عوام کو کھانے کیلئے ایک چپاتی ملتی ہے تو حکمران بھی ایک چپاتی پر گزارہ کریں ۔
امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لوگ رمضان المبارک میں اپنی ذات پر دوسروں کو ترجیح دیں اور معاشرے کے پسے ہوئے مجبور و محروم لوگوں ،یتیموں اور بےواﺅں کا خصوصی خیال رکھیں۔ روزہ اللہ کی رحمتوں ،بخششوں کو سمیٹنے اور جنتوں کے حصول اور جہنم سے آزادی کا بہترین ذریعہ ہے ،اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان کی صورت میں جو عظیم ترین نعمت دی ہے اور جو موقع عطافرمایا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اس کے ایک ایک لمحے کو غنیمت جانتے ہوئے اپنی دنیا اور آخرت کو بہتر بنائیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے ایجنڈے پر متحد ہوجائیں ۔عوام پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی و فلاحی ریاست بنانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔