حوث? باغ?و? اور ?من ?? جلا وطن ح?ومت ?? درم?ان مذا?رات ب? نت?ج? ختم

244

یمن کی جلا وطن حکومت اور باغیوں کے درمیان اقوام متحدہ کی کوششوں سے ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے اور بات چیت میں عارضی جنگ بندی پر بھی کوئی اتفاق نہیں ہو سکا۔

 جنیوا میں ہونے والی بات چیت کے بعد اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن اسماعیل اولد شیخ احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ فریقین جنگ بندی اور باغیوں کے زیر تسلط علاقوں سے انخلا پر بات چیت کے لیے کسی حد تک آمادہ ہیں اور امید ہے کہ مزید مشاورت سے آنے والے دنوں میں یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

 اسماعیل اولد شیخ احمد نے کہا کہ وہ اتوار کو نیویارک جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ جلاوطن صدر منصور ہادی کے وزیرخارجہ ریاض یاسین عبداللہ نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور گوکہ آئندہ کے لیے کوئی تاریخ بھی طے نہیں ہوئی لیکن ان کے بقول اب بھی مزید بات چیت کی گنجائش موجود ہے۔

 حوثیوں کے وفد کے سربراہ حمزہ الحوثی کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہیں گے کہ جنیوا کانفرنس ناکام ہو گئی ہے بلکہ یہ ایک پہلا قدم تھا۔ گزشتہ سال ستمبر میں حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد سے ملک میں خانہ جنگی کی سی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس لڑائی میں اب تک 1000 شہری ہلاک جب کہ دس لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔