جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے علامہ اقبال ٹاﺅن میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم اور کمزور و ناکام ریاست بنانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ قومی اتفاق رائے سے امریکی یلغار کا مقابلہ کیا گیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری معاہدہ پر عملدرآمد کے لیے قومی قیادت متفق ہوئی ۔ کراچی میں عوام کو دہشتگردی ، ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، دہشتگردی کے لیے وسائل کی فراہمی کے لیے لوٹ مار بند کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ قومی قیادت اپنا اتفاق رائے قائم رکھے ۔ سابق صدر آصف زرداری پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ قومی ایکشن پلان کے ذریعے قومی ادارے ٹریک سے اتر رہے ہیں تو دوبارہ مشترکہ فورم پر بات کی جاسکتی تھی ۔
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سیاسی جمہوری قوتوں کو یہ تاثر نہیں قائم کرنا چاہیے کہ وہ غلط کاریوں اور کرپشن کے ذرائع کے سرپرست ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم کے اعلان کے بعد لوڈشیڈنگ نے بدترین شکل اختیار کر لی ہے ۔ پانی و بجلی فراہمی کے وزراءعوام کو سہولت دینے کی بجائے فساد بانٹ رہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پی پی پی رہنما سینیٹر رحمن ملک نے فون پر رابطہ کیا تھا لیکن لاہور میں پہلے سے طے شدہ پروگرام میں مصروف تھے ۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماہ رمضان ملت اسلامیہ کی تربیت اور تقویٰ کی صفت پیدا کرنے کا مہینہ ہے ۔ قلب و نظر ، زبان و کان کو پاک رکھنے کا مبارک مہینہ ہے ۔ رمضان کی تربیت سے انسان خرابی ،برائی کے مقابلہ میں نیکی کا عمل اختیار کرکے تباہی سے بچ جاتاہے ۔ روزہ صبر و استقامت اور برداشت کا عمل پیدا کرتاہے ۔