کراچی:رینجرز نے شہر کراچی میں کرپشن اور بدعنوان افسران کے خلاف سخت کاروائی شروع کر رکھی ہے، جبکہ سندھ کی اعلیٰ شخصیات نے گرفتاریوں سے بچنے کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
زرائع کے مطابق کرپشن کے مقدمات میں ملوث سندھ کی اعلی شخصیات کے خلاف گھیرا تنگ ہونے لگا تو موجودہ اور سابق صوبائی وزراءنے عبوری ضمانت حاصل کرنے کےلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔
سندھ کے سابق سینئر وزیر پیر مظہرالحق سمیت کئی اہم شخصیات نے ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔۔سابق وزیر کے علاوہ صوبائی وزیر پاپولیشن سندھ علی مردان شاہ،وزیراعلی کی انسپکشن ٹیم کے سربراہ سبحان میمن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو غلام علی شاہ پاشا، سیکرٹری منصور راجپوتسمیت دیگرکئی اہم شخصیات نے عبوری ضمانتیں حاصل کر لی ہیں۔
عدالت عالیہ سے عبوری ضمانتیں حاصل کرنے والے ان افراد کو نیب حکام نے اربوں روپے کی کرپشن، زمینوں پر قبضے، اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت دیگر سنگین الزمات کے حوالے تفتیش سے طلب کیا تھا۔
جبکہ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص جس کے خلاف ثبوت حاصل ہوئے اسے قانون کی گرفت میں لیا جائے گا اور اس کے لئے کوئی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔