شدید گرمی اور حبس زدہ ماحول میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کراچی کے باسیوں کو دوہرے عذاب میں مبتلا کردیا۔شہر کے کئی علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہے جب کہ لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام نے ماڑی پور روڈ پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا۔
رمضان المبارک میں ایک طرف جہاں شدید گرمی سے روزداروں کا براُ حال ہے وہیں بجلی کی بندش نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔
شہر کے کئی گلبہار،ناظم آباد،نارتھ ناظم آباد،شاہ فیصل کالونی،ملیر، گلستان جوہر،نارتھ کراچی،لائنز ایریا،لانڈھی،لیاری،کورنگی میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ فیڈرل بی ایریا کے بلاک 7،8،11،14،15 صبح 5 بجے سے بجلی سے محروم ہیں۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل اور ایچ میں گزشتہ روز 10بجےسے بجلی سے بند ہے۔ گلشن اقبال بلاک 13ڈی،بلاک 10 اے،ڈیفنس ویو فیز 2 میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔سہراب گوٹھ،چیپل گارڈن، عباس ٹاؤن، گلزار ہجری سمیت کئی علاقوں میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔
دوسری جانب ماڑی پور ہاکس بے روڈ پر شہریوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور ٹائر جلاکرسڑک بلاک کردی ہے جس سے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک بلاک ہوگیا ہے۔