وزیراعظم میاں نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان دانیال گیلانی سےجاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب عضب کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ضرب عضب کو ہر قیمت پر اُس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور مجرموں اور دہشت گردوں کاخاتمہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے بقول ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پیدا ہونے والے ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔