برازیلیہ : برازیل دنیا کے ان ممالک میں شامل ہیں جہاں سب سے زیادہ قیدی جیلوں میں موجود ہیں ۔وزارت انصاف کی جانب سے گزشتہ روزجاری رپورٹ کے مطابق 2014 ءکی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر برازیل کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد چھ لاکھ سات ہزار سات سو(607700) تھی جو دنیا بھر میں کسی بھی ملک میں قیدیوں کی چوتھی بڑی تعداد ہے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ قیدی امریکی جیلوں میں قید ہیں جن کی تعداد 22 لاکھ کے قریب ہے، دوسرے نمبر پر چین ہے جہاں 16 لاکھ قیدی ہیں۔روس 6 لاکھ 73 ہزار قیدیوں کے ساتھ تیسرے جبکہ برازیل 6 لاکھ 7 ہزار 7 سو قیدیوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب برازیل کے اراکین پارلیمنٹ ایک مسودہ قانون پر بحث کر رہے ہیں کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قید کرنے کی عمر 18 سے کم کر کے 16 سال کردی جائے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو ملکی جیلوں پر دباﺅ بڑھ جائے گا جن میں پہلے ہی قیدیوں کی تعداد گنجائش سے پچاس فیصد زیادہ ہے۔