پشاور: محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے صوبے کی مختلف جیلوں کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے کام شروع کر دیا ہے اور مختلف کمپنیوں سے تجاویز طلب کرلی ہیں تاہم اس منصوبے کیلئے ابھی فنڈز مختص نہیں کئے گئے ۔
دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے جیلوں کی سیکوررٹی بہتر بنانے کیلئے 248 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جن سے صوبے کی گیارہ جیلوں میں کنٹرول روم قائم کئے جاسکیں گے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی کمی کے باعث جیلوں پر دہشتگردوں کے حملے کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے ۔ جیلوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی سے نہ صرف سکیورٹی اقدامات بہتر ہوں گے بلکہ خفیہ کیمرے سکینر اور دیگر سیکورٹی آلات بھی ہر وقت کام کر سکیں گے۔