مقبوضہ بیت المقدس :قبلہ اول میں نمازیوں اور مقدس مقام میں عبادت کیلئے آنیوالے مہمانوں کی خدمت ہرفلسطینی کی دلی خواہش ہے، قبلہ اول کی حفاظت ہو یا صفائی اورطہارت ونظافت کا معاملہ، انتظامی امور ہوں یا تعمیر ومرمت کا کام ہرعمراور صنف کے فلسطینی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
رمضان المبارک آتے ہی قبلہ اول میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ رواں ماہ صیام میں بیت المقدس کی 80 کم عمربچیاں بھی نمازیوں کی خدمت پرہمہ تن مصروف ہیں۔
رضاکار فلسطینی بچیاں نمازیوں کی آمد سے قبل مسجد اقصیٰ میں کالینوں کی صفائی کیساتھ ساتھ صفیں ٹھیک کرتی ہیں جہاں کہیں صف موجود نہ ہو وہاں دریاں بچھاتی ہیں اور یہ سلسلہ نماز فجرسے تراویح تک جاری رہتا ہے۔18سالہ میس شحادہ نے بتایا کہ میں قبلہ اول کے رضاکاروں کی خواتین کمیٹی کی رکن ہوں اور نمازیوں کی خدمت پرمجھے فخر ہے۔