ح?مرانو? ن? مل? ?و ?رپشن زد? ?رد?ا ??، سراج الحق

215

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو کرپشن زدہ کردیا ہے جبکہ عوام کوحکومتی کرپشن کا صحیح اندازہ ہوجائے تو وہ ایسے ظالم حکمرانوں کو ایک دن کیلئے برداشت نہ کریں۔اقتدار پر قابض طبقے نے ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے ماڈل ٹاﺅن میں ملک شاہد اسلم کی طرف سے دیئے گئے عوامی افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ہر طرف کرپشن کا راج ہے جبکہ حکمرانوں نے سیاست کو دولت کا کھیل بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عام آدمی الیکشن میں حصہ لینے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ جماعت اسلامی عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچانے کی جدوجہد کررہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جب تک دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت برسراقتدار نہیں آئے گی ،ملک و قوم کو سنگین بحرانوں کا سامنا رہے گا۔ انکا کہنا تھا کہ وڈیروں اور سرمایہ داروں نے سیاست اور جمہوریت سمیت تمام اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور امیرو ں کیلئے قانون موم کی ناک جبکہ غریبوں کیلئے یہی قانون لوہے کے چنے بن جاتا ہے، حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے ،عوام فاقہ کشی پر مجبور اور حکمران عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کلمہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں ایک دن کیلئے قرآن و سنت کی حکمرانی قائم نہیں ہونے دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ قرآن میں اللہ تعالیٰ نے سود کو اللہ اور رسول ﷺ کے ساتھ جنگ قرار دیا ہے مگر حکمران گزشتہ 68سال سے یہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اللہ سے جنگ کرکے بھلاکوئی ترقی و خوشحالی اور امن و سکون کس طرح حاصل کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے کسی کو عدل و انصاف نہیں ملتا بلکہ عدل وانصاف خریدنا پڑتا ہے اور انصاف کے حصول کیلئے لاکھوں روپے کی رقم کی ضرورت پڑتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ عدالتوں میں قرآن کے مطابق فیصلے ہوں اور چیف جسٹس آف پاکستان کی میز پرقانون کی کتاب کے طور پر اللہ کا قرآن موجود ہو۔

افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملکی حالات انتہائی پچیدہ ہیں ،دشمن قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلا بیٹھا ہے ،رمضان محبت و اخوت اور بھائی چارے کا مہینہ ہے ۔تفرقوں سے نکل کر قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد ہونا ہی امت کی کامیابی کا ضامن ہے ،انہوں نے کہا کہ اس وقت امت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے ،ہم ڈیڑھ ارب سے زیادہ کی تعدا د میں ہونے کے باوجود فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل نہیں کروا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں نے افغانستان ،عراق ،شام اور یمن میں بدامنی پھیلا کر پورے عالم اسلام کو انتشار کا شکار کردیا ہے ۔برما میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ،لیکن عالم اسلام کی موثر قوتیں ان حالات میں بھی متحد ہونے کو تیار نہیں ۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے بارے میں چشم کشا رپورٹیں منظر عام پر آرہی ہیں ،جن سے پتہ چلتا ہے کہ ایم کیو ایم کو بھارت اور امریکہ کی سرپرستی حاصل ہے اور ایک منظم منصوبے کے تحت پاکستان کی شہ رگ کو تباہی و بربادی سے دوچار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ساز ی کے ذمہ دار کراچی کے ٹارگٹڈ آپر یشن کو کامیاب کرائیں تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ سرنڈر کرنے اور سیاسی مصلحتوں کا شکار ہونے کی بجائے اب ان چیزوں کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے ۔

دارالھدٰی ماڈل ٹاﺅن میں ملک شاہد اسلم کی طرف سے دیئے گئے عوامی افطار ڈنر میں امیر جماعت اسلامی پاکستان کے ہمراہ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد بھی موجود تھے۔