سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیرپراتفاق رائے کریں،اسی سے توانائی کے بحران پرقابوپایاجاسکتاہے۔ ہم سستی بجلی سے ہی ہم اپنی صنعت اورزراعت کوعالمی معیار کے مطابق کھڑاکرسکیں گے۔کراچی میں امن کاقیام وفاقی وصوبائی حکومتوں اورپاک فوج کیلئے ایک چیلنج ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزجماعت اسلامی ملتان کے دفترمیں صحافیوں کے اعزازمیں دی گئی افطارپارٹی کے موقع پرصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکہ بھارت کاگٹھ جوڑپاکستان کوکمزورکرنے کے درپے ہے اوربھارتی وزیراعظم نے بنگلہ دیش میں جاکرجواعتراف جرم کیاہے اس سے ان کے مذموم مقاصدکھل کرسامنے آگئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کامعاشی حب ہے اس میں امن لاناہمارے لازم وملزوم ہے کیونکہ جولوگ ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اوردیگروارداتوں میں ملوث تھے وہ بے نقاب ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن کاقیام وفاقی اورسندھ حکومت سمیت پاک فوج کیلئے ایک بڑاچیلنج ہے اورہماری خواہش ہے کہ کراچی میں جلدازجلدامن قائم ہو۔انہوں نے کہاکہ ملک میں توانائی کے بحران سے نبٹنے کیلئے چین کے ساتھ جومعاہدے کئے گئے ہیں ہمیں اس پرکوئی اعتراض نہیں ،اصل ضرورت ملکی صنعت اورزراعت کوعالمی معیار پرکھڑاکرناہے۔انہوں نے کہاکہ جب ہماری سیاسی قوتیں ضرب عضب ،قومی ایکشن پلان ،کراچی آپریشن ،پاک چین معاہدہ پراتفاق کرسکتی ہیں تونئے ڈیموں کی تعمیرپراتفاق کیوںنہیںہوسکتا۔انہوںنے کہاکہ ہمارامطالبہ ہے کہ تمام سیاسی قوتیں نئے ڈیموں کی تعمیر پراتفاق کریں کیونکہ یہ سستی بجلی پیداکرنے کاواحدذریعہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلدازجلد کرائے جائیں کیونکہ اختیارات جتنانچلی سطح تک جائیں گے عوامی مسائل اتنی تیزی سے حل ہوں گے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پاکستان کے آئین کے مطابق خودمختاری ملنی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی زبان اردو کانفاذ بھی ہوناچاہیں۔اوراردوزبان کوعدالتی زبان بھی بنایاجائے تاکہ تمام فیصلے اردوزبان میں لکھے جائیں۔انہوں نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ تھانہ کلچرکوتبدیل کیاجائے۔اس موقع پرنائب امیرپنجاب عزیرلطیف،جماعت اسلامی ملتان کے امیرآصف اخوانی نے بھی خطاب کیا۔