مصرنےجزیرہ نما سینائی کے علاقے میں شدت پسند تنظیم داعش کے خاتمے تک فوجی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز فوجی چیک پوسٹوں پر شدت پسندوں کے حملے میں 70افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت سیکورٹی فورسز کی تھی۔حملوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ (داعش)نے قبول کی جس کے بعد سینائی میں مصری فوج نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 100سے زائد شدت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مصر نے سینائی سے شدت پسندوں کے مکمل خاتمے تک فوجی کارروائی کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے خاتمے تک تنظیم کے خلاف حملے جاری رکھیں جائیں گے۔
اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی تنظیم کے سینائی میں ایک اتحادی نے انٹرنیٹ پر ایک بیان شائع کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 15 سکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے اور تین خودکش حملے کیے گئے۔
دو سال قبل مصر کے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے شروع کی گئی شدت پسند کارروائیوں میں یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔